نئی دہلی،17/اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ای ڈی نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ کے بھانجے رتل پوری کے خلاف دہلی کی ایک عدالت میں جمعرات کو چارج شیٹ دائر کیا۔یہ معاملہ بینک قرض دھوکہ دہی سے متعلق منی لانڈرنگ سے منسلک ہے۔خصوصی جج سنجے گرگ کی عدالت میں ای ڈی نے پوری اور کمپنی موجربیئر کے خلاف چارج دائر کیا۔ای ڈی نے 20 اگست کو پوری کو گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے اس سے پہلے ان کی عدالتی حراست 17 اکتوبر تک بڑھا دی تھی۔وہ آگسٹا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر اسکینڈل کیس سے منسلک منی لانڈرنگ کے ایک اور معاملے میں بھی عدالتی حراست میں ہیں۔ہیلی کاپٹر اسکینڈل میں دہلی ہائی کورٹ نے اس سے پہلے یہ کہتے ہوئے ان کی پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی کہ مؤثر تحقیقات کے لئے حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ ضروری ہے۔ہیلی کاپٹر اسکینڈل میں یہاں مرکزی تفتیشی ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کے بعد انہیں بینک فراڈ کیس میں منی لانڈرنگ کی روک تھام قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ ای ڈی کی جانب سے دائر پی ایم اے ایل کا یہ نیا کیس 17 اگست کو سی بی آئی کی جانب سے درج کرائی گئی ایک ایف آئی آر سے سامنے آیا جس میں رتل پوری، ان کے والد دیپک پوری، ماں نیتا (کمل ناتھ کی بہن) اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔یہ مقدمہ مرکزی بینک آف انڈیا کی جانب سے دائر 354 کروڑ روپے کے بینک فراڈ کیس میں درج کیا گیا تھا۔بینک کا دعوی تھا کہ کمپنی اور اس کے ڈائریکٹرز نے سینٹرل بینک آف انڈیا سے فنڈ جاری کرنے کے لئے فرضی دستاویز دئیے۔ رتل پوری تین اہم مرکزی تفتیشی ایجنسیاں - ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس محکمہ کی طرف سے مجرمانہ تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔